نئی دہلی 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انتخابات کے بعد بی جے پی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لئے سلسلہ وار ملاقاتوں کے ایک حصہ کے طور پر قومی صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے آج آر ایس ایس قائد سریش سونی سے ملاقات کی۔ ذرائع کے بموجب پارٹی توقع ہے کہ امکانی تشکیل حکومت کے پیش نظر پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے پر غور کررہی ہے۔ پارٹی کو چست اور درست بنانے کے علاوہ راجناتھ سنگھ اور سریش سونی نے جو بی جے پی میں آر ایس ایس کے نمائندہ ہیں، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جو کل کے انتخابی نتائج کے بعد اُبھر آنے کا امکان ہے اور مزید چند سیاسی پارٹیوں کو حلیف بنانے پر غور کیا گیا۔ بی جے پی پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ اُس کے ایجنڈہ کی تائید کرنے والی کسی بھی پارٹی کے لئے اُس کے دروازے کھلے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں بی جے پی قائدین نے بھی شرکت کی۔ یہ اجلاس پارٹی کے سینئر قائدین ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو آئندہ حکومت میں ذمہ داری کا تعین کرنے کے لئے بھی منعقد کیا گیا تھا۔ پارٹی کی صدارت میں تبدیلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بشرطیکہ راج ناتھ سنگھ کو کوئی وزارتی قلمدان سونپا جائے۔ اِس سلسلہ میں سابق صدر نتن گڈکری کے نام پر بھی غور کیا گیا۔