قمار بازی کے اڈوں پر پولیس کے دھاوے

حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد میں پولیس نے قمار بازی کے اڈوں پر دھاوا کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے مادھاپور علاقہ میں واقع میٹرکس ہوم اپارٹمنٹ میں غیرقانونی طور پر چلائے جارہے قمار بازی کے اڈے پر دھاوا کیا اور قمار بازی میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس دھاوے میں 6 لاکھ 61 ہزار نقد رقم ، 18 موبائیل فون برآمد کرلیا ۔ ایس او ٹی نے ایک اور کارروائی میں اوپل علاقہ میں غیرقانونی طور پر چلائے جارہے قمار بازی کے اڈے پر دھاوا کرتے ہوئے 34 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 50 ہزار روپئے نقد رقم ، 13 گاڑیاں اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ مائیلاردیوپلی علاقہ میں بھی غیرقانونی طور پر قمار بازی کے اڈے پر دھاوا کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ مذکورہ دھاوؤں میں سائبرآباد پولیس نے 66 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ حیدرآباد کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں روی نارائنا آڈیٹوریم کے سیلر میں چلائے جارہے قمار بازی کے اڈے پر پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ این بی ٹی نگر کے ساکن وی سرینواس ایم ایل اے کالونی میں واقع روی نارائن آڈیٹوریم کا نگرانکار ہے اور وہ اپنے عہدہ کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے آڈیٹوریم کے سیلر میں قمار بازی کا اڈہ چلارہا تھا۔ پولیس نے دھاوے میں 10 ہزار روپئے نقد رقم اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔