حیدرآباد 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف ٹاسک فورس پولیس سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہے اور آج دو مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے پولیس نے 21 جواریوں کو گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے سیف آباد کے علاقہ سی آئی بی کوارٹرس میں دھاوا کرتے ہوئے رہائشی مکان میں غیرقانونی طور پر چلائے جارہے قمار بازی اڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ماریو انٹونی پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے، اپنے رہائشی مکان کو باہر سے مقفل کرکے اپنے دوستوں کی مدد سے قمار بازی کا اڈہ چلارہا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ٹیم نے یہاں دھاوا کرتے ہوئے گرفتار افراد کے قبضہ سے 31 ہزار نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ ایک اور دھاوے میں ٹاسک فورس پولیس نے علاقہ نارائن گوڑہ میں واقع ایک رہائشی مکان پر دھاوا کیا اور قمار بازی میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 29 سالہ جے پرکاش جو ٹی اسٹال چلاتا ہے، نے نارائن گوڑہ میں مکان کرایہ پر حاصل کیا اور وہ اِسے قمار بازی کے اڈے کے لئے استعمال کررہا تھا۔ ٹاسک فورس نے یہاں سے 35 ہزار روپئے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے گرفتار ملزمین کو سیف آباد پولیس کے حوالے کردیا۔