قلمدانوں کی تقسیم پر پی ڈی پی ۔ بی جے پی اختلافات کی تردید

جموں 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے آج ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ نئی حکومت میں قلمدانوں کی تقسیم کے مسئلہ پر پی ڈی پی ۔ بی جے پی میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ نعیم اختر نے بتایا کہ ایسے وقت اختلافات کو ہوا دی جارہی ہے جبکہ تشکیل حکومت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ یہ دریافت کئے جانے پر تقریب حلف برداری کب منعقد ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں کے قائدین ملاقات کرکے تاریخ اور وقت کا فیصلہ کریں گے۔ مسٹر نعیم اختر نے بتایا کہ دونوں جماعتیں آج گورنر سے ملاقات کرکے تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے کل یہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا تھا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے تعاون سے جموں و کشمیر میں نئی حکومت تشکیل دی جائے اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر ترمل سنگھ کو مقننہ پارٹی کا لیڈر اور اس عہدہ کیلئے دوبارہ امیدوار نامزد کیا ہے۔ مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے بھی بی جے پی اور پی ڈی پی کے درمیان اتحاد ٹوٹ جانے کی تردید کی اور کہا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے یہ اتحاد پائیدار ہے۔