قلعہ گولکنڈہ کی حفاظت کے لیے جی ایم آر گروپ کو ذمہ داری

حکومت کی تجویز کے مطابق آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے اقدامات
حیدرآباد۔12اکٹوبر(سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ کو آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا نے نگہداشت کیلئے جی ایم آر گروپ کے حوالہ کردیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے رکھی گئی تجویز کے مطابق اب قلعہ گولکنڈہ کی نگہداشت کی ذمہ داری جی ایم آر گروپ کی ہوگی اور جی ایم آر گروپ گولکنڈہ قلعہ میں عوام کو سہولتوں کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔ حکومت ہند کی جانب تاریخی عمارتوں کو اپنانے اور ان کی نگہداشت کی ذمہ داری لینے کے معاملہ میں سال گذشتہ شروع کی گئی مہم کے دوران تاج گروپ کو چارمینار کی حوالگی اور قلعہ گولکنڈہ کی جی ایم آر گروپ کو حوالگی کے سلسلہ میں کاروائی کو قطعیت دے دی گئی ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ سیاحت کی جانب سے کاروائی مکمل کرتے ہوئے قلعہ گولکنڈہ کو جی ایم آر کو حوالہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا کے ذرائع کے مطابق جی ایم آر کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ میں نئی روشنیوں کے انتظام کے علاوہ موجودہ دو بیت الخلاء کو بہتر بنانے اور ایک نئے بیت الخلاء کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اس کے علاوہ قلعہ گولکنڈہ میں موجود راہداریوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ایک کییفیٹیریا شروع کیا جائے گا تاکہ سیاحوں کو سہولت حاصل ہوسکے ۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے اس اقدام کی مختلف گوشوں سے مخالفت کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس معاہدہ کو قطعیت دے دی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ قلعہ گولکنڈہ کی ترقی و سیاحوں کی سہولت کو بہتر بنانے کیلئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ لال قلعہ کی نگہداشت خانگی کمپنی کے حوالہ کئے جانے کے بعد قومی سطح پر ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اسی دوران تاریخی چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ کے علاوہ ضلع ورنگل میں واقع معروف 1000 ستون کے مندر کی خانگی اداروں کو حوالگی کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں ۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق جی ایم آر گروپ کے ذمہ داروں اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے درمیان اس سلسلہ میں جاری مذاکرات طئے کئے جانے کے بعد گذشتہ ماہ کے اواخر میں معاہدہ کو قطعیت دے دی گئی ہے اور جی ایم آر کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ کی نگہداشت کے امور کی ذمہ داری حاصل کرلی گئی ہے اور بہت جلد جی ایم آر کی جانب سے مرمتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے کئے گئے معاہدہ کے مطابق جی ایم آر جو کام بھی قلعہ کے حدود میں انجام دئے جائیں گے ان تمام کاموں کو آرکیالوجیکل سروے کی نگرانی میں ہی انجام دیا جائے گااور ان کاموں کی انجام دہی کو قبل از وقت منظوری حاصل کرنی ہوگی ۔گولکنڈہ کے اندرونی حصہ میں بیاٹری کے ذریعہ چلنے والی گاڑیاں بھی شروع کرنے کی تجویز جی ایم آر کی جانب سے پیش کی گئی ہے اور اس تجویز کو آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا نے منظوری بھی دے دی۔