قلت آب سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

محبوب نگر /10 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) موسم گرما کے پیش نظر پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے شہری اور دیہی علاقوں میں موثر اقدامات کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر سری دیوی نے عہدیداروں کو دی ۔ وہ دو شنبہ کو تمام ریونیو میٹنگ ہال میں ضلع اسپیشل آفیسرس اور کلیدی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے مخاطب تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت قبل از وقت چوکسی اختیار کرے ۔ پرجا وانی پروگرام میں وصول ہونے والی درخواستوں کی فوری یکسوئی کی جائے ۔ تین ہفتوں سے زائد اگرکوئی درخواست زیر التواء رہے گی تو متعلقہ عہدیدار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 تا 7 مارچ کے دوران 749 شکایات وصول ہوئی ہیں جس میں سے 420 کی یکسوئی کردی گئی ۔ 64 درخواستیں 3 ہفتوں سے زائد التواء میں رہنے پر ضلع کلکٹر متعلقہ عہدیداروں پر برہم ہوئیں ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ چیف منسٹر کیمپ سے جو بھی درخواستیں آتی ہیں اس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی ۔ انہوں نے اسپیشل آفیسرس پر زور دیا کہ ساکشرا بھارت پروگرام کے تحت منعقد کئے جانے والے پروگرامس پر توجہ دیتے ہوئے خواندگی کی شرح کا فیصلہ بڑھانے کا اقدامات کئے جائیں ۔ پلے وکاس پروگرام میں شناخت کردہ مسائل کی فوری یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں ۔ اجلاس میں ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجارام ، ڈی آر او رام کشن ، پی ڈی ڈی آر ڈی اے چندر شیکھر ریڈی ، پی ڈی ڈوما سورندا رانی و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔