القطیف ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سکیورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک افسر جاں بحق ہوگیا ہے۔سعودی ذرائع نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے ایک گشتی یونٹ پر مشرقی شہر القطیف میں العوامیہ مرکز کے نزدیک حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک افسر عادل فالح العتیبی شدید زخمی ہوگئے تھے اور وہ منگل کے روز اسپتال میں اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ہیں۔ اس حملے میں ایک اورافسر زخمی ہوگیا تھا۔نامعلوم مسلح افراد نے القطیف کے علاقے الماثورہ میں یہ پر حملہ کیا تھا۔اس علاقے میں دہشت گرد پہلے بھی سعودی فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں۔اس علاقے میں ایک ترقیاتی منصوبے پر کام جاری ہے اور اس تعمیراتی کام کو رکوانیکے لیے دہشت گرد آئے دن سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔