دوحہ ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) قطر کے ارباب مجاز نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک 2022ء میں کبھی بھی ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے تیار ہے اور فیفا 2022ء کے موسم گرما، سرما یا کسی بھی وقت ورلڈ کپ کے انعقاد کی انہیں ذمہ داری دیتی ہے تو وہ اس ذمہ داری کو بحسن خوبی انجام دے گا۔ کمیونکیشن اینڈ مارکٹنگ کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر نصیر القطر نے برازیلیائی میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فیفا کی جانب سے اس فیصلے کے منتظر ہیں کہ وہ 2022ء میں جب کبھی بھی ورلڈ کپ کے انعقاد کا ان سے مطالبہ کرے تو وہ اس درخواست کو فوری قبول کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائے گا۔ یہاں 24 ویں مینس ہینڈ بال ورلڈ چیمپین شپ 2015ء کے ضمن میں یہ بھی کہا کہ مذکورہ مسئلہ پر عنقریب ایک اجلاس بھی منعقد ہوگا۔