قطر کی سعودی عرب اور حلیفوں کے خلاف ڈبلیو ٹی او میں شکایت

دوحہ ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) قطر نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) سے باقاعدہ طور پر شکایت کی ہے جس کا مقصد سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس کے تجارتی بائیکاٹ کو چیلنج کرنا ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ان ممالک کو قطر کے ساتھ مذاکرات کرنا ہوں گے۔لیکن اگر ان مذاکرات میں 60 دن کے اندر اس مسئلے کا کوئی حل تلاش نہ کیا گیا تو معاملہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے منتخب کردہ پینل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس شکایت کے بارے میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں قطر کے نمائندے علی الولید الثانی نے بتایا ہے۔ قطر اور اس کے پڑوسی عرب ممالک کے درمیان کشیدگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب اور مصر سمیت چار عرب ممالک نے قطر پر خطے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔