قاہرہ ۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے پراسکیوٹر جنرل نے کہا ہے کہ قاہرہ کی ایک فوجداری عدالت نے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی پر خلیجی ریاست قطر کو قومی سلامتی سے متعلق اہم دستاویزات فراہم کرنے کے جرم میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’العربیہ ‘ کے مطابق مصر میں حکومتی استغاثہ کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ زیر حراست سابق صدر محمد مرسی کو قطر کے لئے جاسوسی کے الزام میں 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جا رہا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ اپنے دور حکومت میں انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق اہم دستاویزات قطر کو فراہم کی تھیں۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد استغاثہ جیل ہی میں سابق صدر سے پوچھ گچھ کرے گی۔ سابق صدر کے ساتھ دیگر ملزمان میں ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری امین الصیرفی اپنی بیٹی کریمہ صیرفی بھی شامل ہیں۔