قطر کا فٹبال ورلڈ کپ میں شائقین کو شراب کی اجازت پرغور

دوحہ۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) قطرکی حکومت نے2022 میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں غیرملکی شائقین کو کھیلوں کے دوران شراب پینے کی اجازت دینے پر غورشروع کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) اور شراب تیار کرنے والی بعض کمپنیوں کی ٹیمیں آئندہ سال کے اوائل میں قطر کا دورہ کریں گی جہاں یہ ٹیمیں غیرملکی تماشائیوں کیلئے مختص علاقوں میں بھی جائیں گی۔ ان ٹیموں کی طرف سے الکحل کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے قطری حکام کے ساتھ بات چیت بھی ہوگی۔برطانی اخبار ‘ سن‘ کے مطابق فیفا اور ایک بیرونی ملک شراب کمپنی کے مندوبین نے قطر کی فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریوں کی نگران کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ وہ تماشائیوں کو ٹھہرانے کے مقامات کے قریب شراب لانے اور اسے استعمال کرنے کی اجازت فراہم کرے۔اخبار نے قطری پراجیکٹ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل حسن الذوادی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہیکہ ورلڈکپ کے دوران مخصوص مقامات پر شراب پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔ دریں اثناء انگلش یونائیڈ کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ قطر نے اگر شراب کی اجازت نہ دی تو مغربی تماشائی قطر کا رخ نہیں کریں گے۔ عہدیدار نے مزید کہا ہے کہ قطری حکومت شائقین کو شراب کے استعمال کی اجازت دے گی لیکن شراب کھیل کے میدانوں سے ایک گھنٹے کی مسافت پر دی جائیگی۔ انگلش یونائیڈ کے عہدیدار نے کہا کہ اگر قطر کا یہ رویہ رہا تو کھیل کے موقع پر اس کا بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔