قطر کا سیلاب زدہ کیرالا کو 50لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ ‘دیگر ہندوستانی ریاستوں کا بھی عطیہ کا اعلان

دوحہ ۔ 19اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) امیر قطر ہزہائینس شیخ تمیم بن حمدالثانی نے سیلاب زدہ ریاست کیرالا کو 50لاکھ امریکی ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر کیرالا پینا رائی وجین نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ‘ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے سیلاب زدہ ریاست کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں ۔ صورتحال کی سنگینی کو بھی اُجاگر کیا ہے ۔ کیرالا کو 19,512 کروڑ روپئے کا نقصان پہنچا ہے لیکن ریاستی حکومت نے صرف 2000کروڑ روپئے مدد مرکز سے طلب کی ہے جب کہ مرکز نے صرف 600کروڑ روپئے کی تاحال منظوری دی ہے ۔ کئی ریاستیں بھی سیلاب زدہ کیرالا کی مدد کیلئے آگے آئی ہیں جب کہ کیرالا گذشتہ 100سال سے بدترین سیلاب سے مقابلہ کررہا ہے ۔ آندھراپردیش نے 10کروڑ روپئے ‘ بہار نے 10کروڑ روپئے ‘ دہلی نے 10کروڑ روپئے ‘ گجرات نے 10کروڑ روپئے ‘ ہریانہ نے 10کروڑ روپئے ‘ جھارکھنڈ نے 5کروڑ روپئے ‘ مہاراشٹرا نے 20کروڑ روپئے ‘ کرناٹک نے 10کروڑ روپئے ‘اڈیشہ نے 5کروڑ روپئے ‘ پنجاب نے 10کروڑ روپئے ‘ پوڈیچری نے 2کروڑ ‘ ٹاملناڈو نے 10کروڑ ‘ تلنگانہ نے 25کروڑ روپئے اور اترپردیش نے 15کروڑ روپئے دیئے ہیں ۔