قطر: کارکنوں کی تنخواہیں بینک کے ذریعہ ادائیگی کے لئے قانون محنت میں ترمیم، کابینی حکم نامہ جاری

دوحہ۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ دوحہ کی کابینہ میں کل قانون محنت کی بعض اہم دفعات میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اجرتوں کے تحفظ کے نظام پر عمل آوری میں مدد مل سکے جس سے ملک میں کام کرنے والے تمام افراد کو تنخواہیں بینکوں کے ذریعہ ادا کی جائیں گی۔ کابینہ نے اپنے ہفتہ وار اجلاس میں سفارش کی کہ قانون محنت کی دفعات 1 ، 66 اور 145 (2004 کا دفعہ 4) میں ترمیم کی جائے تاکہ اجرتیں برقی ادائیگی نظام کے تحت ادا کی جاسکیں۔

قانون محنت کی دفعہ 66 گنجائش فراہم کرتی ہے کہ ملازمین کو نقد رقم اور شخصی طور پر ادا کی جائے تاکہ فوری ادائیگی ممکن ہوسکے۔ بعض ملازمین اپنی تنخواہیں ان کے بینک کھاتوں میں باہمی رضامندی سے منتقل کرسکتے ہیں۔ کابینہ نے کل ایک کمیٹی کی سفارشات کو منظوری دی جن کے تحت نیا اجرت ادائیگی نظام قائم کیا گیا۔ یہ نظام معلوم ہوا ہے کہ تین مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ آغاز بڑی کمپنیوں سے ہوگا۔ کابینہ کے اجلاس کی صدارت نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے کابینی امور عزت مآب احمد بن عبداللہ المحمود نے کی۔ ایجنڈہ میں دیگر کئی مسائل بھی شامل تھے۔