لندن۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قطر کے 2022 فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے عمل کو ایک مرتبہ پھر غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔ فائونڈیشن فار اسپورٹس انٹگریٹی نامی تنظیم نے دعوٰی کیا ہے کہ نئی تحقیقات نے میزبانی کا تمام عمل غیرقانونی ثابت کردیا ہے۔ تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا کہ قطر نے فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کو بھاری رشوت دی جس کے ثبوت موجود ہیں۔ برطانوی اخبار کے مطابق ارجنٹیناکے فیفا ایگزیکٹو جولیو گرانڈونا کے بینک اکائونٹ میں 2010 میں ٹورنمنٹ کیلئے ووٹنگ سے قبل اچانک 36لاکھ برطانوی پائونڈز کی رقم پراسرار طریقے سے جمع ہوئی۔ قطر نے ارجنٹینا فٹبال فیڈریشن کا 50 ملین ڈالر کا قرض بھی ادا کیا تھا۔ قطری فضائی کمپنی کی فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کیساتھ ایک ارب ڈالر سے زائد کا معاہدہ بھی اسی مہم کا حصہ تھی۔ تھائی لینڈ اور قطر کے درمیان بھی اسی قسم کے کاروباری معاہدوں کے ذریعے ووٹ خریدنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔