روسی میزائیل خریدنے قطر کے اقدام پر سعودی فوجی کارروائی کرے گا
پیرس ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : سعودی عرب نے قطر کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ اگر قطر نے روس سے میزائیلس حاصل کئے تو اس پر بمباری کی جائے گی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے دھمکی دی ہے کہ روس کے سب سے اہم S-400 ایر ڈیفنس میزائیل سسٹم کو اگر قطر کی جانب سے حاصل کیا گیا تو قطر کے خلاف سعودی فوج کارروائی کرے گی ۔ فرانس کے اخبار نے یہ رپورٹ شائع کی ہے ۔ سعودی عرب نے صدر فرانس ایمونیل میکرون کو مکتوب لکھ کر اس معاہدہ کو روکدینے کے لیے ان سے مداخلت کی خواہش کی ہے اور کہا کہ وہ عرب خطہ میں استحکام کی برقراری میں مدد کریں ۔ صدر فرانس کے دفتر سے اس تعلق سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی وزارت خارجہ فرانس نے کوئی بیان دیا ہے ۔ قطر کے خلاف سعودی عرب کی کارروائیوں کو اس خطہ کے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے بشمول کئی عرب ممالک کی حمایت حاصل ہے ۔ گذشتہ سال جون میں قطر کے ساتھ تعلقات منقطع ہوگئے تھے ۔ قطر پر الزام ہے کہ اس نے ایران سے قربت رکھنے والے دہشت گرد گروپ کی سرپرستی کی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد سعودی عرب نے قطر پر معاشی تحدیدات عائد کئے ہیں جب کہ قطر نے ان الزامات کو پر زور طور پر مسترد کردیا ہے ۔ خود کو یکا و تنہا کردیئے جانے کے بعد قطر نے روس کے بشمول نئے دوست ممالک کی تلاش شروع کی ۔ جنوری میں اس نے اعلان کیا تھا کہ وہ ماسکو سے بات چیت کرتے ہوئے عصری میزائیل خریدے گا ۔ شاہ سلمان نے قطر کی فرانس سے قربت اور میزائیل کی خریدی پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ دوحہ اور ماسکو کے درمیان ہورہی بات چیت کو اس خطہ کے لیے خطرناک بتایا تھا ۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ اگر قطر نے میزائیل خریدے تو سعودی عرب چپ نہیں بیٹھے گا اور اس کے میزائیل و ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کے لیے قطر پر بمباری کرے گا ۔ ایک سال قبل ہی سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی معاشی تعلقات منقطع کرلیے تھے ۔ سرحدوں کو بند کردیا گیا تھا ۔ سمندری راستے مسدود ہوگئے تھے لیکن 12 ماہ گذرنے کے بعد بھی اس خطہ میں قطر کے مسئلہ کو حل نہیں کیا گیا ۔ عرب ممالک نے قطر سے 13 مطالبات کیے تھے جن کی تکمیل کے بعد ہی تحدیدات ہٹالیئے کی شرط رکھی گئی تھی ۔ ان مطالبات میں الجریرہ میڈیا نٹ ورک کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی شامل تھا ۔۔