زیورخ۔ 26 ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ فٹبال ورلڈکپ 21 نومبر قطر میں شروع ہوگا اور 18 ڈسمبر کو اس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ فیفا مارچ میں پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ قطر کے قومی دن 18 ڈسمبر کو فائنل کھیلا جائے گا اور اس کے آغاز کی تاریخ کا جمعہ کو اعلان کیا گیا ۔ یہ ٹورنمنٹ 28 دن تک کھیلا جائے گا جو معمول سے چار دن کم ہے ۔ یہ ٹورنمنٹ بالعموم جون اور جولائی کے درمیان کھیلا جاتا ہے لیکن سال کے ان مہینوں کے دوران اس خلیجی ملک میں شدید ترین موسم گرما کے پیش نظر یہ تبدیلی عمل میں آئی ہے ۔ فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کو دینے کا فیصلہ 2010 ء میں کیا گیا تھا اس کے ساتھ روس کو 2018 ء کے عالمی مقابلہ کی میزبانی کیلئے نامزد کیا گیا تھا لیکن بولیوںکے عمل میں رشوت کی ادائیگی کے شبہات پر سوئیس ادارہ تحقیقات کررہا تھا ۔ فیفا کے عہدیداروں نے کہاہے کہ کسی بھی بے قاعدگی یا بدعنوانی کا واضح ثبوت دستیاب ہونے کی صورت میں ان دونوں ملکوں کو میزبانی سے محروم کیا جاسکتا ہے ۔