دوحہ ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام عائد کیا ہیکہ قطر میں 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کیلئے بنائے جانے والے اسٹیڈیمس میں مزدوروں سے جبری مشقت کروائی جا رہی ہے۔ ایمنسٹی کا الزام ہیکہ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مزدوروں کو جبراً گندی جگہ رہنے پر مجبور کیا گیا ہے، ان سے بھرتی کیلئے بھاری فیس وصول کی گئی اور ان کی تنخواہیں اور پاسپورٹ ضبط کر لئے گئے ہیں۔ ورلڈ کپ مزدوروں کا استحصال روکنے والے ادارہ نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کیلئے انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔قطر کا کہنا ہیکہ وہ ان الزامات پر پریشان ہے اور اس کی تحقیقات کی جائینگی۔ قطر کی حکومت نے کہا ہیکہ تارکین وطن مزدوروں کی فلاح ان کی ترجیح ہے۔ حکومت نے اصرار کیا کہ وہ قطر میں مزدوروں سے متعلق قوانین میں اصلاحات کیلئے پر عزم ہے۔