دوحہ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) قطر میں بھی دنیا کی دیگر حکومتوں کی طرح سالانہ بجٹ پیش کیا جاتا ہے اور گزشتہ 15 سال کے دوران اب تک اُس میں کوئی خسارہ پیش نہیں کیا گیا۔ تاہم سرکاری اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ 2016 ء میں پیش کئے جانے والے بجٹ کو خسارہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سلسلہ میں وزارت ترقیات، منصوبہ بندی اور اقتصادیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار میں یہ ظاہر کرتے ہیں کہ توانائی سے مالا مال خلیجی مملکت میں آئندہ سال فروغ کی شرح صرف 7.3 فیصد ہوگی جبکہ گزشتہ سال اس کا تناسب 7.7 فیصد تھا۔ ان اعداد و شمار کو وزارت کی ویب سائیٹ پر پیش کیا گیا ہے۔ 2016 ء میں قطر میں مالیاتی خسارہ کا تناسب جی ڈی پی کا 4.9 فیصد ہوگا اور اُس کے بعد والے سال یعنی 2017 ء میں خسارہ کی شرح 3.7 فیصد متوقع ہے۔