دوحہ۔ 14؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ قطر میں ایک 32 سالہ ہندوستانی اپنی شادی کی سالگرہ کے دن کرکٹ کھیلنے کے دوران قلب پر شدید حملہ کے سبب فوت ہوگیا۔ اسکے دوستوں نے بتایا کہ پرمود تھیرائیل کیرالا کے ضلع ملاپورم کے موضع ویلدینکوڈی کا متوطن تھا، جو قطری دارالحکومت کے شمالی علاقہ مدینہ خلیفہ میں الکٹریشن کا کام کرتا تھا۔ تھرائیل جمعہ کی صبح کرکٹ کھیل کے دوران فیلڈنگ کررہا تھا کہ سینہ میں درد کی شکایت کی اور وہ گرپڑا جس کو قریبی دواخانہ کو منتقل کیا جارہا تھا کہ راستہ میں فوت ہوگیا۔ یہ بھی ایک عجیب و المناک اتفاق ہے کہ وہ اپنی شادی کی سالگرہ کے دن ہی فوت ہوگیا۔ تھرائیل کو اس سال کے اوائل میں ہی ایک بیٹا پیدا ہوا تھا اور وہ اپنے وطن میں تعطیلات گزارکر واپس ہوا تھا۔