دوحہ ۔30اکٹوبر۔( سیاست ڈاٹ کام) قطر کے حکمراں نے کہاکہ وہ خلیج میں جاری بدترین سفارتی بحران کو حل کرنے کیلئے امریکہ کی میزبانی میں راست مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دوحہ کا بائیکاٹ کررہے چار عرب ممالک کو دعوت کا اب تک جواب موصول نہیں ہوا ہے ۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ وہ تنازعہ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس میں ہمارے وقار یا سالمیت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ تنازعہ ختم ہو۔ انھوں نے کہاکہ اگر کوئی ایک میٹر ہماری طرف چل کر آئے تو ہم 10,000 میل اُن تک چل کر جائیں گے ۔ اس تنازعہ کی وجہ سے سفر اور غذائی اشیاء کی درآمد پر کافی اثر پڑا ہے ۔ شیخ تمیم نے بتایاکہ ٹرمپ نے اُن سے کہاکہ ’’میرے لئے یہ بات قابل قبول نہیں ہوسکتی کہ میرے دوست آپس میں ایک دوسرے سے لڑیں ‘‘۔ اُس وقت شیخ تمیم نے اُن سے کہاکہ مذاکرات کیلئے وہ تیار ہیں۔