قطر ایرویز میں شادی شدہ ملازمین کی برطرفی کا الزام مسترد

دوحہ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) قطر ایرویز کے سربراہ اکبر البکر نے ان دعوؤں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ ان کے ادارہ میں شادی کرنے والے ملازمین کو برطرف کردیا جاتا ہے۔ البکر نے سی این این سے کہاکہ یہ دعوے غلط ہیں اور ان کی کمپنی میں ملازمت کی روایات و شرائط انتہائی ترقی پسندانہ ہیں۔ اس سوال پر شادی کرنے پر ملازمین کو برطرف کردیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے جواب دیا کہ ’’یہ (دعویٰ) صحیح نہیں ہے‘‘۔ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرس فیڈریشن نے 2013 ء میں پہلی مرتبہ یہ دعویٰ کیا تھا۔ لیکن حال ہی میں واشنگٹن پوسٹ میں ایک خبر کی اشاعت کے بعد یہ دعوے پھر ایک مرتبہ بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔