شارجہ ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حقوقِ انسانی کیلئے کام کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ قطر تاحال غیر ملکی کارکنوں اور مزدوروں کے استحصال کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کر سکا ہے۔قطر کو پانچ برس قبل 2022 ء کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا تھا اور وہاں اس سلسلے میں جاری تیاریوں کے دوران غیر ملکی کارکنوں کے حالاتِ کار اور رہائش کے بارے میں خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں۔ایمنیسٹی کا کہنا ہے کہ مزدوروں کا استحصال جاری رہنا قطر اور فٹبال کی عالمی نگران تنظیم فیفا دونوں کیلئے باعثِ شرم ہے۔حقوقِ انسانی کی تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ قطری حکام کارکنوں کو نوکری کی تبدیلی کا حق دینے اور اپنی مرضی سے ملک چھوڑنے سمیت کئی اہم معاملات میں کوئی بھی تبدیلی لانے میں ناکام رہے ہیں۔