قطری کابینہ میں رد وبدل نئے وزیرخارجہ کا تقرر

دوحہ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے چہارشنبہ کو ایک حکم نامہ کے ذریعے اپنی کابینہ میں ردوبدل کیا ہے اور انھوں نے وزارت خارجہ کا قلمدان محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کو سونپا ہے۔قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی کیو این اے کے مطابق وزیر خارجہ خالد العطیہ کو تبدیل کردیا گیا ہے اور انھیں اب وزیر مملکت برائے دفاع مقرر کیا گیا ہے۔امیر قطر شیخ تمیم خود وزیردفاع ہیں۔خزانے اور توانائی کے وزراء کو ان کے منصبوں پر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ وزیر صحت کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔امیر قطر نے اپنے حکم نامے کے ذریعے متعدد وزارتوں کو ایک دوسرے میں ضم کردیا ہے۔مواصلات اور ٹرانسپورٹ کی ایک وزارت بنا دی گئی ہے اور ثقافت ،اُمورِ نوجوانان اور کھیلوں کی وزارت کو بھی ایک بنا دیا گیا ہے۔