ممبئی۔27نومبر( سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کرکٹر کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔بی سی سی آئی کے شکریٹری سنجے پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی سی سی آئی کی طرف سے وہ فلپ ہیوز کی موت پر شدید غم کا اظہار کرنے کے علاوہ کرکٹر کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ ہیوز جو آئندہ چند دنوں میں 26ویں سالگرہ منانے والے تھے لیکن قسمت نے انہیں ایسا کرنے نہیں دیا ۔ 25سالہ ہیوز جو کہ ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے پہلے مقابلہ میں زخمی کپتان مائیکل کلارک کے مقام پر قطعی 11 کھلاڑیوں میںشامل کئے جانے والے پسندیدہ کھلاڑی تھے لیکن سڈنی کے سینٹ ونسنٹ ہاسپٹل میں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہیوز ایک شاندار کھلاڑی تھے اور بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا تابناک مستقبل تھا لیکن قسمت میں ان کے ثمرآور کریئر کو ختم کردیا ہے ۔بی سی سی آئی نے ہیوز کی موت پر شدیدغم کا اظہار کیا ہے۔