بیدر۔3ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد نبی قریشی نائب صدر آل انڈیا جمعیت القریش صوبہ کرناٹک نے ایک پریس نوٹ جاری کر کے بتایا ہیکہ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے سب کو ساتھ لیکرچلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قریش برادری کے مسئلہ کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ دہلی میں آل انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں منعقدہ آل انڈیا جمعیت القریش کے سالانہ اجلاس کے موقع پر مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نے ملک میں غریبی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس کے خاتمہ کیلئے سب کو ملکر کام کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہماری سرکار بلاتفریق مذہب و ذات برادری کے سب کو ترقی کے میدان میں آگے لے جانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو پسماندگی کیلئے کانگریس کو بالواسطہ نشانہ پر لیتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کے درمیان ہمارا ( بی جے پی ) کا خوف پیدا کر کے صرف ووٹ حاصل کرتی ہیں تاہم انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قریشی برادری کو جہاں اور جس وقت ضرورت پڑے گی ہماری سرکار ہر طرح سے ان کو تعاون دینے کیلئے تیار ہے ۔ اس موقع پر آل انڈیا جمعیت القریش کے ذریعہ پیش کئے گئے میمورنڈم میں سے تین نکات تسلیم کرتیہ وئے فوراً اس کے حل کا اعلان ردیا ۔ انہوں نے جانوروں کے ٹرانسپورٹ کیلئے ڈی آئی ایس 14950 کے اسٹینڈرڈ کو نافذ کرنے کا اعلان کیا ۔ مسٹر گڈکری نے موبائیل مجسٹریٹ کو بھی منظوری دے دی جو خلاف ورزی کرنے والے سپلائیروں اور تاجروں پر موقع پر ہی جرمانہ عائد کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جانوروں کو لے جانے والی گاڑیوں پر صرف ایک بورڈ لگائیں کہ اس میں مویشی ہیں تاکہ اس سے کسی قدم کی دشواری نہ پیدا ہو۔ قریش برادری کو پیش آنے والے مسائل کے موضوع پر آل انڈیا جمعیت القریش اور انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے صدر جناب سراج الدین قریشی نے قریش برادری کو درپیش مسائل اور مشکلات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ اورہائی وے نتن گڈکری کو ایک یادداشت پیش کی اور ان سے قریش برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کے کاروبار سے وابستہ افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ مویشیوں کے نقل و حمل میں بھی زبردست پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جناب محمد سراج الدین قریشی صدر آل انڈیا جمعیت القریش اور صوبہ کرناٹک کے نائب صدر جناب محمد نبی قریشی نے سلاٹر ہاؤز کی تعمیر میٹ انڈسٹری کا ماڈرنائزیشن پر توجہ دینے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر یوسف قریشی صدر جمعیت القریش صوبہ کرناٹک بھی موجود تھے ۔