حیدرآباد۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی میچ سنٹر کی تفصیلات کے بموجب سی کے نائیڈو ٹرافی کے 4 روزہ مقابلہ جوکہ میزبان حیدرآباد اور مدھیہ پردیش کے درمیان جمخانہ گراؤنڈ میں کھیلا گیا، اس مقابلے میں حیدرآباد نے 4 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ کے 6 نشانات حاصل کئے ہیں۔ اس مقابلے کی اہم بات حیدرآبادی بولر عبدایلہ قریشی کی دوسری اننگز میں ہیٹ ٹرک ہے۔ قریشی نے 9 اوورس میں 16 رنز کے عوض یہ کارنامہ انجام دیا۔ قبل ازیں مدھیہ پردیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 288 رنز اسکور کئے جبکہ حیدرآبادی ٹیم پہلی اننگز میں 214 رنز پر آل آؤٹ ہوئی لیکن دوسری اننگز میں مدھیہ پردیش کو 90 رنز پر ڈھیر کرنے میں قریشی نے اہم رول ادا کیا۔ دوسری اننگز میں 166/6 کے ذریعہ حیدرآباد نے کامیابی حاصل کی۔ ذرائع کے بموجب قریشی پر آئی پی ایل کے فرنچائز کی نظریں ہیں اور اس مرتبہ سیزن 2019ء کے لئے انہیں کھلاڑیوں کی نیلامی میں شامل کئے جانے کی امید کی جارہی ہے۔