گمبھی راؤ پیٹ /2 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) قرض کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے مقروض خاتون کی میت کو اٹھانے سے روک دیا ۔ دل کو دہلانے اور انسان کو کچھ وقت کیلئے سوچنے پر مجبور کرنے والا یہ واقعہ شہر سرسلہ کے جامع مسجد علاقے میں دیکھنے کو ملا ۔ تفصیلات کے مطابق سرسلہ کی متوطن حلیمہ بی نامی خاتون نے چند سال قبل اپنی بیٹی کی شادی کیلئے ہی پدما نامی خاتون جوکہ سرسلہ میونسپل کی موجود ٹی آر ایس کونسلر بتلائی گئی ہے سے بطور سود دو لاکھ روپئے قرض حاصل کی تھی ۔ مرحومہ حلیمہ بی اپنی لاچاری و کسمپرسی زندگی کی وجہ بطور سود حاصل کردہ رقم جوکہ تین لاکھ روپئے سے زائد ہوچکی تھی ادا کرنے سے قاصر تھی ۔ اس اثناء ناسازی صحت کی بناکل ان کی موت واقع ہوگئی ۔ جیسے ہی اس بات کی اطلاع قرض خواہ پدما کو ملی وہ مرحومہ حلیمہ بی کے مکان پہونچ گئی اور قرض کی ادائی کے بعد ہی میت کو اٹھانے کا اصرار کرتے ہوئے افراد خاندان ، مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں سے کہاکہ بطور سودقر ض حاصل کرنے کے دوران کئے گئے معاہدے کے ضروری کاذات پیش کئے ۔ جس پر مرحومہ کے لڑکے نے ماں کی جانب سے لئے گئے قرض سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے وقتاً فوقتاً پدما کی جانب سے حلیمہ اور ان کے افراد خاندان کو ہراساں کئے جانے کا الزام عائد کیا۔ بعد ازاں درمیانی افراد کی مداخلت اور افراد خاندان کی جانب سے اندرون چھ ماہ حلیمہ بی کی جانب سے لئے گئے قرض کی ادائیگی کے تیقن پر یہ معاملہ ختم ہویگا اور مرحومہ کی تدفین عمل میں لائی گئی ۔ ٹی آر ایس پارٹی سے وابستہ پدما نامی خاتون کی اس طرح کی حرکت پر سرسلہ کے مسلمانوں میں اس کے خلاف ناراضگی اور برہمی پائی گئی ۔