حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ٹپہ چبوترہ پولیس نے ایک دھوکہ باز چارٹیڈ اکاونٹنٹ کو گرفتار کرلیا ۔ جو عوام کو لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی کے الزامات کا سامنا کررہا تھا ۔ انسپکٹر ٹپہ چبوترہ محمد ریاض الدین نے بتایا کہ پولیس نے 53 سالہ ایم ادے شنکر کو گرفتار کرلیا ہے جو روڈ نمبر 3 بنجارہ ہلز کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ ادے شنکر کے خلاف ایک سافٹ ویر ملازم ششی کرن ساکن تالا گڈہ نے شکایت کی تھی ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ سی اے نے ششی کرن کو تقریبا 5کروڑ روپئے تک قومی بنکوں سے قرض دلانے کا جھانسہ دیا تھا اور اس نے اتنی بڑی مقدار میں بنک سے قرض دلانے اس سافٹ ویر ملازم سے 20 لاکھ روپئے نقد رقم اور تقریبا 22 لاکھ 80 ہزار روپئے کا چیک لیا تھا ۔ تاہم قرض کی اجرائی کیلئے وہ مسلسل ٹال مٹول کررہا تھا ۔ اور اس نے الٹا ششی کرن کو چیک باونس کی نوٹس روانہ کردی جس کے بعد ششی کرن نے ٹپہ چبوترہ پولیس سے مسئلہ کو رجوع کیا ۔ تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران ادے شنکر کو قصور وار پایا اور اسے گرفتار کرلیا ۔ ادے شنکر کی سی اے ممبر شپ کو سی اے اسوسی ایشن نے سال 2008 میں برخاست کردیا تھا ۔ انسپکٹر ٹپہ چبوترہ نے بتایا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں ۔۔