قرض لے کر مڈ ڈے میلس کی تیاری

یلاریڈی۔/7 جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں دوپہر کا کھانا کھلائے جانے سے متعلقہ بلوں کو آج تک ادا نہ کرنے سے ایجنسی کے ذمہ داروں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ روزانہ طلباء کو وقت پر غذا تیار کرنے کیلئے قرض لے کر پکوان کی اشیاء لانا پڑ رہا ہے جس سے یہ مڈ ڈے میلس اسکیم قرض کرکے چلائی جارہی ہے جبکہ ایجنسی ذمہ دار روزانہ ایم ای او آفس کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ اکٹوبر، نومبر، ڈسمبر مہینوں کے بلز ضلع بھر میں 2303 اسکولوں پر مڈڈے میلس اسکیم چلائی جارہی ہے۔ اسکولوں میں مڈ ڈے میلس تیار کرنے والے باورچیوں کو بھی گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئی ہیں۔ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کررہے طلباء کو کھانا دینے پر فی طالب علم پر 4.35روپئے اور چھٹویں جماعت سے دسویں جماعت تک کے طلباء پر فی کس چھ روپئے کے حساب سے بلوں کو ادا کیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ 100طلباء سے کم والے اسکولوں میں باورچی کو ایک ہزار روپئے ہرماہ دیئے جاتے ہیں۔ 100تا200 طلباء والے اسکول باورچی کو دو ہزار روپئے اور 200-300 طلباء کے اسکول کو تین ہزار روپئے تنخواہ جاری کی جاتی ہے۔وقت پر ایجنسی ذمہ داروں کو بلوں کی ادائیگی نہ کرنے سے طلباء کے مینو کے لحاظ سے غذا سربراہ کرنے میں دشواریاں ہونے کی شکایت ہے۔ اب تو فی الحال اسکولوں میں باریک چاول سے غذا تیار کرنے کی اسکیم روبہ عمل لائی گئی ہے۔ ایسے میں ایجنسی ذمہ داروں کی بل اور تنخواہیں بھی جلد از جلد جاری کردی جائیں تو بہتر ہوگا ورنہ قرض کے ذریعہ مڈ ڈے میل کی تیاری اسکیم کو کمزور کرنے والی بات کہلائے گی۔

سنگاریڈی میں آج
جلسہ رحمۃ للعالمین ؐ
سنگاریڈی ۔/7 جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی کی اطلاع کے بموجب 8جنوری بروز جمعرات بوقت بعد نماز عشاء بمقام گنج میدان سنگاریڈی میں زیر صدارت حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیت العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش جلسہ رحمتہ للعالمینؐ منعقد ہوگا جس میں مفتی محمد راشد قاسمی استاد حدیث و فقہ دارالعلوم دیوبند اور مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع میدک مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔