قرض دلانے کے بہانے عوام کو ٹھگنے والا دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) قرض فراہم کرنے کے بہانے عوام کو ٹھگنے والے ایک دھوکہ باز کو سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر مسٹر محمد ریاض الدین نے بتایا کہ 30 سالہ جینتی شیوا سوروپ متوطن تروپتی آندھرا پردیش نے ناگول کے ساکن کے ایل کے ریڈی کو 45 لاکھ کا قرض دلانے کے بہانے دھوکہ دیتے ہوئے اس سے 50 ہزار روپئے حاصل کرلئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ کے ایل کے ریڈی کو سوروپ نے ان کے موبائیل فون پر اے ڈی این فینانس پرائیویٹ لمیٹیڈ ممبئی کے نام سے ایک ایس ایم ایس بھیجا تھا جس میں صرف 5 فیصد سود پر 45 لاکھ روپئے کا قرض فراہم کرنے کا دعوی کیا اور اس سلسلہ میں درخواست گذار کو بذریعہ فون یہ یقین دلایا کہ قرض کی رقم کیلئے انشورنس اور دیگر اخراجات کیلئے 50 ہزار روپئے ایس بی آئی وجئے واڑہ میں جمع کروائے ۔ سائبر کرائم پولیس نے بتایا کہ نوٹا پرکاش کے نام سے ایس بی آئی بینک وجئے واڑہ میں ایک اکاونٹ کھولا گیا تھا اور کے ایل کے ریڈی کی جانب سے بینک میں نقد رقم جمع کرنے پر یہ رقم فوری اے ٹی ایم سنٹر سے حاصل کرلیا تھا۔ ملزم جینتی سوروپ نے وشاکھاپٹنم میں واقع ایک کال سنٹر میں ٹکنیکل سپورٹ ایگزیکٹیوں کی حیثیت سے ملازمت کی تھی اور آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے اس طرح کے جرائم میں ملوث ہوگیا ۔ بینک کھاتہ کھولنے کیلئے اس نے نوٹا پرکاش ناکا کا سہارا لیا اور اس سلسلہ میں آدھار کارڈ سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے اس کی تصویر تبدیل کردی ۔ کے ایل کے ریڈی نے بینک میں انشورنس اور دیگر اخراجات کی رقم جمع کرنے کے باوجود بھی اسے قرض کی رقم کی عدم حصولی کے سبب وہ سائبر کرائم پولیس سے رجوع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ جون سال 2013 میں مذکورہ ملزم کو ایل بی نگر پولیس نے کرور وائیسیا بینک میں دھوکہ دہی کے ذریعہ بینک کھاتہ کھولنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔