قرضہ دلانے کا جھانسہ دینے والا دھوکہ باز گرفتار

معصوم افراد کو دھوکہ دینے کا ارتکاب ، سائبر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) قرض دلانے کے بہانے عوام کو ٹھگنے والے ایک نوجوان دھوکہ باز کو سی سی ایس کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ وکاس پانڈے متوطن اتم نگر نئی دہلی بینک سے بعض افراد کے موبائیل فون نمبرس حاصل کرکے انہیں بذریعہ فون یقین دلایا کرتا تھا کہ وہ بغیر کوئی گیارنٹی یا دستاویزات کے آسانی سے قرض فراہم کرسکتا ہے ۔ دھوکہ باز نئی دہلی سے اپنی کارستانی انجام دے رہا تھا اور تلنگانہ آندھراپردیش ، کرناٹکا اور ٹاملناڈو میں اس نے معصوم عوام کو نشانہ بنایا۔ سائبر کرائم پولیس کو وکاس پانڈے کا پتہ لگانے میں دشواریاں پیش آئی کیونکہ وہ دھوکہ دہی کے بعد اکثر موبائل سم تبدیل کردیا کرتا تھا ۔ گذشتہ ایک سال میں مذکورہ دھوکہ باز نے سیکڑوں افراد کو دھوکہ دیا ہے اور رجسٹریشن فیس کے نام پر 35 تا 40 لاکھ روپئے حاصل کئے ۔ اتنا ہی نہیں انشورنس کمپنی ، ٹور پیاکیجس کے نام پر بھی دھوکہ دہی کی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گمنام فون کالس پر توجہ نہ دیں اور دھوکہ دہی کا شکار نہ ہو ۔