قرضوں کی اجرائی اور اجتماعی شادیوں کیلئے درخوساتوں مطلوب

سنگاریڈی /28 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیو ) ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع میدک ایم اے رشید نے جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم مستحق لڑکیوں کی شادیوں کیلئے ریاستی اقلیتی بہبود محکمہ کی جانب سے درخواستیں مطلوب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 5 لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کے انتظامات کئے جاسکتے ہیں ۔ فی شادی پر 25 ہزار روپئے پر مشتمل جہیز و دیگر ساز و سامان دیا جاتا ہے ۔ جس میں قرآن مجید ، جائے نماز ، تسبیح ، سرمہ دانی کیلئے 600 روپئے ، کالی پوت کا لچھا دو گرام سونے کے ساتھ 5900 روپئے ، پگڑی ، گھونگھٹ ، دو عدد ساڑیاں 3500 روپئے ، 50 افراد کے طعام کیلئے 3 ہزار روپئے ، اسٹیل الماری کیلئے 6 ہزار روپئے ، ڈنر سیٹ ، ٹفن باکس ، المونیم پان ، گیس اسٹو اور 23 عدد دیگر سامان 4 ہزار قاضی فیس اور مصری بادام ایک ہزار روپئے ، شادی خانے کا کرایہ ایک ہزار روپئے پر مشتمل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ریاست میں غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے دو کروڑ روپئے تک خرچ کئے جائیں گے ۔ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر ایم اے رشید نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے سلسلہ میں مسلم تنظیموں و دیگر ذمہ داران محکمہ سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ لڑکی کی عمر 18 سال سے زیادہ ہونی چاہئے لڑکی ضلع میدک کی ہونی چاہئے اور سفید راشن کارڈ ، انکم سرٹیفکیٹ پیش امام اور قریبی مسجد کمیٹی صدر کی جانب سے تصدیق شدہ درخواستیں داخل کئے جائیں ۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 فروری مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جی او نمبر 101 ماہ ڈسمبر 2013 جاری کرتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے 60 فیصد سبسیڈی فی یونٹ اور بی سی میناریٹی طبقات کیلئے 50 فیصد سبسیڈی فی یونٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ 31 جنوری بی سی و اقلیتی تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے حصول قرضہ جات کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ قرض حاصل کرنے والے امیدوار وہ OBMS آن لائین کے ذریعہ درخواست داخل کی جاسکتی ہیں ۔ اس کی کاپی کو بلدیہ یا دیہی سطح پر ایم پی ڈی اوز دفتر میں داخل کرسکتے ہیں ۔ قرض حاصل کرنے کیلئے 21 تا 40 سال اقلیتی نوجوانوں کی عمر ہونی چاہئے ۔ جبکہ حصول قرض کیلئے منڈل سطح پر 60 ہزار آمدنی سرٹیفکیٹ اور شہری علاقوں میں 75 ہزار آمدنی ہونی چاہئے ۔ سفید راشن کارڈ ، دسویں جماعت کامیاب یا ناکام سند اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے قرضوں کی اجرائی اور اجتماعی شادیوں کے سلسلے میں خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

قرضوں کیلئے درخواستیں داخل کرنے میں دشواریاں درپیش ہوں تو فوری میناریٹی کارپوریشن دفتر سنگاریڈی سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 08455-274650 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ صحافیوں کی جانب سے کہا گیا کہ قرضوں کی اجرائی کے اعلان کے بعد مسلم نوجوانوں کو بینکس کی جانب سے قرض جاری نہ کرنے کی شکایتیں وصول ہو رہی ہے ۔ فوری طور پر لیڈ بینک منیجر اور ضلع کلکٹر کو ان بینک عہدیداروں کی شکایت کرتے ہوئے بینک منیجرس کو اقلیتی کیلئے قرضہ جات کی اجرائی کا پابند کرتے ہوئے ضروری ہدایت دی جائے تاکہ مسلم نوجوان ضلع میدک میں اقلیتی بہبود کے اسکیمات سے استفادہ کرسکیں ۔ تقریباً 600 نوجوان مختلف بینکس کے مخالف اقلیتی رویہ کی شکایت کر رہے ہیں ۔