گجویل /6 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) قرضداروں کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوکر ایک شخص کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب دولت آباد منڈل کے موضع سورم پلی کا رہنے والا 45 سالہ ملیشم جو کہ اپنے دو ایکر کھیت میں کپاس کی کاشت کرنے پر نقصانات سے کاشتکاری کیلئے حاصل کردہ قرض کی ادائیگی کا کوئی راستہ ہموار نہ ہونے کی بناء چند ماہ سے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کیا تھا ۔ مگر رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں بھی نقصانات ہونے کے سبب قرضداروں کی مسلسل ہراسانی سے چند دنوں سے پریشان تھا ۔
چنانچہ انہی وجوہات کی بناء ملیشم دلبرداشتہ ہوکر آج صبح کے اولین ساعتوں میں گھر کے باہر جاکر جراثیم کش دوا کا استعمال کرلیا۔ جس کو افراد خاندان نے سرکاری دواخانہ گجویل منتقل کیا ۔ ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے اسے گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ مگر دوران علاج آج سہ پہر وہ جانبرنہ ہوسکا ۔ سب انسپکٹر دولت آباد مسٹر سرینواس ریڈی اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہیں ۔