قربانی‘ کامل بندگی کا بے مثال نمونہ

مسجد منیر محبوب نگر میں نماز عیدالاضحی سے قبل مفتی عبداللہ حامد رشادی کا خطاب
محبوب نگر ۔ 15ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قلب شہر محبوب نگر کی مسجد منیر نزد گورنمنٹ ہاسپٹل روڈ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی نماز عیدالاضحی ادا کی گئی ۔ بارش کے سبب کثیر مجمع دیکھا گیا ۔ مفتی عبداللہ حامد رشادی ناظم جامعہ اسلامیہ تعلیم البنات محبوب نگر نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا اور ملک و دنیا میں امن و سلامتی کی دعا کی ۔ اس موقع پر مولانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ کی سب سے بڑی فضیلت اور اہم فریضہ حج کی ادائیگی ہوتی ہے اور قربانی کے ذریعہ ایک طرف سنت ابراہیمی پر عمل کیا جاتا ہے تو دوسری جانب قربانی کا جذبہ دلوں میں پیدا کرنے کا پیغام دیا جاتا ہے ۔ یہ محض خون اور گوشت کی قربانی نہ تھی بلکہ روح و دل کی قربانی تھی ۔ یہ ماسوا اللہ اور خیرکی محبت کی قربانی خدا کی راہ میں تھی ۔ یہ خدا کی اطاعت اور کامل بندگی کا بے مثال منظر تھا ۔ یہ تسلیم و رضا اور صبر و شکر کا وہ امتحان تھا جس کو پورا کئے بغیر دنیا کی پشیوائی اور آخر کی نیکی نہیں مل سکتی ‘ اپنے تمام جذبات ‘ خواہشات ‘ تمناؤں کی قربانی تھی ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عہد کریں کہ اگر آج ہمارا کوئی رشتہ دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ ہے تو وہ رشتہ دین اور اسلام کا رشتہ ہے ۔ اس کی خاطر ماں باپ ‘ خاندان اور قوم کو چھوڑے جس کا حضرت ابراہیمؑ نے ثبوت دیا کہ یار کی خاطر اغیار سے قلب کو پاک کرلینا اور اپنی مرضیات کو اللہ کی مرضیات کے تابع بنادینا ۔ مسجد منیر کی انتظامی کمیٹی نے بہترین انتظامات کئے اور لوگوں کو مبارکباد دی ۔