قرآن کے پیغام کو برادران وطن تک پہونچانا مسلمانوں کی ذمہ داری

ظہیرآباد /28 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڑیسہ مولانا حامد محمد خان نے کل شب یہاں شٹکار فنکشن ہال میں جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملاپ پروگرام کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آدمی کو انسان بننے کیلئے مذہب ضروری ہے جب کہ مذہب اسلام میں دنیوی و اخروی زندگی کے مسائل کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی سب سے بڑی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اس نے کسی سابقہ مذاہب کی تکذیب نہیں کی بلکہ اس نے جہاں اسلام کی بلند و بالا تعلیمات سے بنی نوع انسان کو آشنا کیا وہیں تمام سابقہ مذاہب اور ان کے بانیان کے احترام کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ قرآنمجید سارے انسانوں کیلئے سرچشمہ ہدایت ہے جو صرف مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے ہی نہیں بلکہ دنیا کی ہر ملت اور ہر قوم کی رہبری کیلئے نازل کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے پیغام کو دیگر برادران وطن تک پہونچانے کی ذمہ داری مسلمانوں پر ہی عائد ہوتی ہے جبکہ مسلمانوں کا ہر بچہ پیدائشی مبلغ اسلام ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنی نوع انسان کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ اس حقیقت سے آگاہ ہوکہ اس کے پیدا ہونے اور اس کے پیدا کرنے والا کا مقصد کیا ہے اور یہ کہ دیگر تمام مخلوقات پر اسے فضیلت کیوں حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے بندوں سے مبت ہی دراصل اللہ سے محبت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند عید ملاپ پروگرام کے انعقاد کے ذریعہ تمام مذاہب کے افراد میں پیار و محبت کی فضاء کو پروان چڑھانے اور ایک دوسرے کے مذہب کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک کثیر المذاہب ملک ہے اور یہ ملک اس وقت تک متحد اور ترقی کی سمت گامزن رہے گا ۔ جبکہ کہ یہاں کے تمام مذاہب کا احترام اور ان کے ماننے  والوں کیلئے یکساں ترقی کے ضمن میں اقدامات کئے جاتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تلنگانہ حکومت عنقریب سرکاری جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کا منصوبہ رکھتی ہے جبکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ 12 فیصد تحفظات کی عدم عمل آوری کے دوران مسلمانوں کو مذکورہ تقررات سے خار خواہ فوائد حاصل نہیں ہوں گے ۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد و سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر گیتا ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے آپسی بھائی چارگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامس اللہ ، ایشور ، یسوع مسیح اور وائی گرو کے ماننے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ایک دوسرے کے مذاہب کو جاننے اور سمجھنے کے مواقع فارہم کرتے ہیں ۔

 

 

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا مالک ایک ہے اور یہ کہ وہ اس اعتبار سے خوش نصیب ہیں کہ ان کی پیدئش ہندوستان میں ہوئی ہے جو کثیر المذاہب کا گہوارہ ہے ۔ سابق ریاستی وزیر جناب محمد فریدالدین نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا جبکہ اس کو مذہت اسلام سے مربوط کرنا دانشمندی کا تقاضہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام حب الوطنی کا درس دیتا ہے اور جب کبھی ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو مسلمان اس خطرہ کا سامان کرنے کیلئے سب سے آگے رہیں گے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملاپ پروگرام کو بامقصد قرار دیا ۔ ناظم جماعت اسلامی ہند ضلع میدک جناب محمد امجد حسین نے قرآ۔ کے پیغام کو عام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ تلگو مقرر جناب شیخ امیر الدین صدر علاقائی ایس آئی او نے اپنے خطاب میں اسلام کی بنیادی تعلیمات کو دیگر مذاہب کتابوں کے حوالوں سے ثابت کیا ۔ قبل ازیں پروگرام کا آغاز جناب محمد بختیار حسین ناظم اسلامی معاشرہ کی تلاوت کلام پاک و ترجمانی کے ذریعہ ہوا جب کہ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد جناب محمد ناظم الدین غوری نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا ۔ پروگرام کے اختتام سے قبل کانگریس قائد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، انچارج ٹی آر ایس مسٹر کے مانک راؤ انچارج بی جے پی مسٹر ملک ارجن پاٹل ، آندھرا جیوتی رپورٹر مسٹر سدنا پاٹل کے بشمول دیگر افراد کو قرآن مجید کے تحفے دئے گئے ۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب سید عبدالروف نے انجام دئے جبکہ اظہار تشکر جناب عبدالجبار نے کیا ۔ پروگرام کے آخر میں شرکاء کی شیرخورمہ کے ذریعہ ضیافت کی گئی ۔ اس پروگرام میں صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد مسٹر چرنجیوی پرشاد رکن ضلع پرجا پریشد مسٹر کشن پوار ، مولانا سید افسر پاشاہ قادری کے بشمول ہندوؤں اور مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔