قرآن کی عظمت کو سمجھنے اور اس کے حقوق کو ادا کرنے کی تلقین

جگتیال۔/13جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند جگتیال کی جانب سے جلسہ استقبال رمضان کا انعقاد دفتر جماعت اسلامی کے عبدالرزاق لطیف کانفرنس ہال میں عمل میں آیا۔ جلسہ کی صدارت جناب عبدالحئی شعیب لطیفی ناظم ضلع جماعت اسلامی کریم نگر نے کی اور مہمان مقرر کی حیثیت سے مفتی عمر عابدین قاسمی و مدنی مفتی ETV اردو حیدرآباد نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغازطالب علم تحسیر احمد کی تلاوت و ترجمانی کے ذریعہ ہوا۔ اس کے بعد برادر یاسر احمد نے نعت اور قمر الدین معاذ نے قرآن کی فریاد کے عنوان پر ایک نظم سنائی اس کے بعد جناب شعیب الحق طالب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند جگتیال نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ہر سال ماہ رمضان کی آمد سے قبل استقبال رمضان کا پروگرام رکھا جاتا ہے اور یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ انہوں نے ماہ رمضان میں منعقد ہونے والے مختلف پروگرامس کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ جماعت اسلامی ہند جگتیال کی جانب سے ماہ رمضان میں شہر کی مختلف مساجد میں دروس قرآن کے پروگرامس اور شعبہ خواتین کی جانب سے خواتین کیلئے سماعت قرآن کے پروگرامس رکھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم و غیر مسلموں کے لئے افطار کے پروگرامس رکھ کر اسلام کے پیغام کو پہنچایا جاتا ہے اور تمام طاق شب کے پروگرامس میں شب بیداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ نزول قرآن کے اس مہینہ میں قرآن کی تعلیمات کو عام کرنے اور امن کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ جناب شیخ اسحاق علی معاون ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند کریم نگر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان فی الواقع اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اس کا استقبال مکمل جوش و خروش کے ساتھ ہونا چاہیئے اور اس ماہ کے انتظار میں ہمارا سارا وجود سرتا پا انتظار بن جائے اور جیسے جیسے اس کے دن قریب آئیں ہمارے سینے مسرت کے جذبات سے سرشار ہوں۔ ماہ رمضان کی آمد دراصل ایک فیضان عام ہے۔ اس موقع پر ہم خود کو مکمل طور پر خدا کے حضور پیش کرکے اپنا جائزہ لیں کہ کیا واقعی ہمارے دل کی زمین اس فیضان عام سے سیراب ہونے کیلئے تیار ہے۔ ہم ماہ رمضان کی بھرپور تیاری کریں، اس کی قدر دانی کریں اور اس ماہ کی ایک ایک ساعت کا بھرپور انداز سے استعمال کرکے اس کی سعادتوں اور رحمتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ مولانا مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے، ہم قرآن کی عظمت کو سمجھیں اور اس کے حقوق کو ادا کریں۔ قرآن میں غور و فکر نہ کرنا اور اس کی تعلیمات کو نہ سمجھنا قرآن پر ایمان نہ رکھنے کے برابر ہے۔ قرآن کا حق یہ ہے کہ اس کو پڑھا جائے اور اسکو سمجھا جائے اور اس کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ قرآن کی صرف تلاوت کرلینا کافی ہے، اور کچھ لوگ کہتے ہیں کہ قرآن سمجھ کر نہ پڑھنا اجر سے خالی ہے، میرے نزدیک دونوں چیزیں غلط ہیں۔ قرآن کی صرف تلاوت سے بھی اجرو ثواب ملتا ہے اور سمجھ کر غور و فکر کے ساتھ پڑھنے سے ہدایت و تربیت کا سامان ہوتا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود اس قرآن کو تھامیں، اس کو پڑھیں، سمجھیں اور اس کو عام انسانوں تک پہنچائیں۔ جناب عبدالحئی شعیب الطیفی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند کریم نگر نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماہ رمضان میں خوب عبادت کریں، روزے، تلاوت قرآن مجید، تراویح اور ذکر و اذکار میں اپنے اوقات گذاریں اور عبادات کی اصل روح اور مقصد کو سامنے رکھیں۔ رمضان ہمدردی و غمخواری کا مہینہ ہے۔ زکوٰۃ، صدقہ و خیرات سے بندوں کی مدد کریں۔ اس جلسہ میں جناب محمد ریاض خان صدر ملت اسلامیہ جگتیال و دیگر معززین کے علاوہ مرد و خواتین کثیر تعداد میں شریک تھے۔ جلسہ کی کارروائی جناب عماد الدین نے چلائی اور شکریہ ادا کیا۔