قرآن کی تعلیمات میں ہی دین و دنیا کی بھلائی مضمر

بگدل میں جلسہ، ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری اور دیگر علماء کا خطاب

بیدریکم جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نام محمد ؐ کو بڑے ہی ادب و تعظیم کے ساتھ لیں اور جب کبھی نام محمد ﷺ بولے یا سنے درود شریف کا نذرانہ پیش کریں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا جو شخص میرے روضہ کی زندگی میں ایک مرتبہ زیارت کرتاہے اُس پر میری شفاعت لازم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پیران طریقت ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگد ل شریف میں منعقد ہ ماہانہ مرکزی جلسہ و جشن عید میلاد النبی ؐ و استقبال ماہ ربیع الثانی کے مریدین و معتقدین کے کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ابو البشر حضرت سید نا آدم علیہ السلام سے جب گندم کھانے کی غلطی ہوئی تو انہوں نے نام محمد کے وسیلہ سے بارگاہ رب العزت میں معافی مانگی تو اللہ فرماتاہے اے آدم تمہیں نام محمد کیسے معلوم ہوا ۔ آدم فرماتے ہیں میں نے عرش کے پایہ میں نام لا الہ الا للہ محمد رسول اللہ دیکھا ۔خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری نے کہا قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات میں ہی دین و دنیا کی بھلائی مضمر ہے ۔ رحمۃ اللعالمینؐ فرماتے ہیں کہ کسی کی برائی مت کرنا ، چغلی ، غیبت نہیں کرنا ہاں برائی سے بچنے کی کوشش کرنا۔نماز کے پڑھنے سے اپنا ہی فائدہ ہے ۔اللہ کو راضی کرنا ہے تو پہلے نبی کو راضی کرو، ماں باپ کو کبھی ناراض مت کرو۔جس کے ماں باپ خوش ہیں اُس سے رسولؐ بھی خوش ہیں گویا اللہ بھی راضی ہوتاہے۔اپنی اولاد کو دینی تعلیم دواور ادب کی تعلیم بھی دو اس سے ماحول بنتاہے ۔جو شریعت کا پابند نہیں ہوتا وہ طریقت کا پابند نہیںہو تا ۔انہوں نے نمازوں کی پابندی کی سخت تلقین کی۔مرد و خواتین علیحدہ علیحدہ درس تصوف دیا۔صبح سے بعد نماز عصر زیارت آثار مبارک ﷺ، غو اث لاعظم دستگیربصد عقیدت ا حترا م کے ساتھ خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری کی نگرانی میں کروائی گئی ۔مریدین ومعتقدین و عقیدتمندان کی کثیر تعداد نے قطار در قطار زیارت کرتے ہوئے فیض حاصل کیا۔ اولیاء اللہ و ہی کام کرتے ہیں جو رسول اللہؐ ، صحابہ، تابعین، تبع تابعین کئے ہیں۔اولیاء اللہ کے آستانوں پر لوگوں کا تزکیہ کیا جاتاہے اور ان کے دلوں کی گندگی نکال کر چمکایا جاتاہے ۔ اور یہاں آستانہ قادریہ میں بھی یہ کام بہت اچھے انداز میں جاری ہے ۔ مولا نامحمدعبدالحمید رحمانی چشتی صدر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ کمیٹی نے کہا محبت رسول کے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔اگر کوئی بندہ حضور ﷺ پر درود شریف بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے دس درجہ بلند فرماتاہے ۔ جس کے سینہ میں عشق رسول ہوتاہے وہ ہمیشہ کامیاب رہتاہے۔ شہد میں میٹھاس درود شریف پڑھنے سے آتی ہے ۔ صحابہ کرام آپﷺ کے موئے مبارک کو اپنے پاس محفو ظ رکھتے اور وقت ضرورت پانی میں ڈوبا کر پانی کا استعمال کرتے اور شفاء پاتے ۔انہوں نے بیشمار واقعات پر سیر حاصل روشنی ڈالی ۔ صوفی ارشد علی ابوالعلائی حیدرآباد نے بھی میلاد مصطفی ﷺ کے مختلف گوشوں پرسیر حاصل روشنی ڈالی ، پروفیسر مشائخ صاحب نے بھی شریعت ،طریقت،حقیت ، معرفت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔ مولوی محمد لئیق احمد قادری بگدلی ، حاجی نعیم سیٹھ حیدرآباد،مولانا سید اکبر محی الدین قادری مشائخ بالا پور ،اقبال سنگاپور ،فیض اللہ ، محمد اکبر الدین درگائی رکن بلدیہ ظہیرآباد ، شہ نشین پر موجود تھے ۔تمام مہمانوں کی شال و گلپوشی کی گئی ۔دیدہ زیب قادری کیلنڈر ، اسوسی ایشن آف کنسلٹنگ سویل انجنئیر کی جانب سے تیار کردہ کیلنڈر کا بدست خلیفہ شاہ ادریس احمد قادری رسم اجراء عمل میں آیا۔قرأ ت کلام پاک مولانا فرید اختر خطیب مسجد مدینہ ، حافظ محمد شاہنواز، مولانا عبدالمجید پیش امام مسجد چوراستہ منا اکھیلی ،انیل کمار چوہان ،سعید بھائی ممبئی ، ڈاکٹر احمد سنگم ،قاضی سید باقر حسینی میدک ، محمد سلیم بھائی ظہیرآباد، محمد سلیم الہامی ، ارشد شرفی حیدرآباداورطلبہ و طالبات مدرسہ قادریہ نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ آستانہ قادریہ برقی قمقموں سے منور کیا گیا تھا ۔ لنگر خانہ قادریہ میں لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔