قرآن مجید کے ہر سورۃ کا ہدف اور اس کے مقاصد ، ایک روزہ دینی پروگرام

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( راست ) : مشہور مبلغ اسلام اور عالم دین شیخ ارشد بشیر مدنی نے کہا کہ قرآن مجید خدا وندکریم کا کلام ہے جس میں انسان کی رشد و ہدایت اور دائمی فلاح و کامرانی کے تمام اصول بیان کردئیے گئے ہیں ۔ اب یہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن مجید کو پڑھیں اور اس کے مطالب کو سمجھتے ہوئے اس پر عمل کریں ۔ وہ آج یہاں ’ ہر سورۃ کا ہدف اور اس کے مقاصد ‘ کے عنوان پر منعقدہ ایک روزہ دینی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ یہ پروگرام لکڑی کا پل میں واقع ووڈ برج ہوٹل میں منعقد ہوا تھا ۔ اپنے سلسلہ تقریر کو جاری رکھتے ہوئے Ask Islam Pedia کے ڈائرکٹر شیخ ارشد بشیر مدنی نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی یہ خوش نصیبی ہے کہ قرآن مجید آج اپنے متن کے تمام تر تقاضوں کے ساتھ محفوظ حالت میں موجود ہے ۔ قرآن مجید میں متعدد امتوں اور قوموں کے حالات بیان ہوئے ہیں اور کئی مقامات کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔ قرآن مجید پڑھتے ہوئے اگر ان اشخاص ، اقوام اور مقامات سے آگاہی ہو تو اس کے معنی و مفہوم کو سمجھنے میں نہ صرف سہولت رہتی ہے بلکہ اس میں اثر پذیری کی خصوصیت دو چند ہوجاتی ہے ۔ شیخ ارشد نے مزید کہا کہ قرآن مجید صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کیا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے کئی مرتبہ واضح طور پر اعلان کردیا ہے کہ ’ ہم نے اس قرآن کو بہت ہی آسان کردیا ہے ‘ ہے کوئی ہدایت حاصل کرنے والا ‘ ۔ اگر ہم اپنی زندگی کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو اس کا صرف ایک ہی حل ہے کہ ہم قرآن مجید اور پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ پر مکمل طور پر عمل پیرا ہوجائیں اور ساتھ ہی ہر انسان تک اللہ کا پیغام پہنچائیں ۔ اب اللہ تعالیٰ کسی نبی کو نہیں بھیجنے والا ہے ۔ اس لیے یہ اب تمام مسلمانوں کی دمہ داری ہے کہ ہر انسان کو اسلام سے واقف کروائیں ۔ اس پروگرام کے دوران شیخ ارشد نے قرآن مجید کے نزول کے مقاصد پر مختصر اور جامع انداز میں روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسک اسلام پیڈیا ایک ایسی ویب سائٹ ہے جس پر انگریزی ، اردو ، عربی ، تلگو ، ہندی اور دیگر زبانوں میں اسلام کی مکمل معلومات موجود ہیں ۔ ہر انسان اس سے استفادہ کرسکتا ہے ۔۔