قرآن مجید کی تلاوت افضل ترین عبادت

قرآن سیکھنے اور سکھانے والا بہترین شخص ، مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( راست ) : مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات نے جامعہ کی پندرہ یومی مہم ’ آؤ قرآن مجید تجوید سے سیکھیں ‘ کا افتتاح جامعتہ المومنات مغل پورہ میں کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اللہ کا وہ مقدس کلام ہے جس کا پڑھنا ، دیکھنا ثواب ہے اور اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ نازل کیا اور ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ قرآن مجید تجوید کے ساتھ پڑھیں ۔ حضورﷺ نے فرمایا تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن مجید سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا قرآن مجید کی تلاوت افضل ترین عبادت ہے ۔ اس جلسہ کا آغاز قاریہ امروزہ بانو کی قرات اور قاریہ ناز محمدی کی نعت شریف سے ہوا ۔ صدارت مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل نے کی ۔ نظامت کے فرائض مفتیہ نازیہ عزیز انجام دئیے ۔ سلسلسہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مفتی محمد مستان علی قادری نے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا سب سے بڑا عبادت گذار وہ ہے جو سب سے زیادہ تلاوت قرآن مجید کرنے والا ہے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا جس نے قرآن پڑھا اور اس کو یاد کیا اس کے حلال کو حلال جانا اور

حرام کو حرام جانا اسکے گھر والوں میں سے ان دس شخصوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ اس کی شفاعت قبول فرمائے گا ۔ جس پر جہنم واجب ہوچکی تھی ۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ قرآن کی تلاوت کرنے والوں میں بعض لوگ ایسے ہیں جن پر قرآن مجید خود لعنت کرتا ہے ۔ قرآن مجید ان لوگوں پر لعنت کرتا ہے جو قرآن کو تجوید سے نہیں پڑھتے ۔ دلوں کو سکون قرآن کی تلاوت سے حاصل ہوتا ہے ۔ قرآن مجید بروز قیامت بندہ کی شفاعت کرے گا ۔ تلاوت اچھی آواز سے کرنی چاہئے کیوں کہ اچھا انداز اور خوش لحن آواز اللہ تعالیٰ کو پسند ہے اور سننے والوں پر اثر انداز ہوتی ہے ۔ چنانچہ بخاری شریف میں مذکورہ ہے کہ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو قرآن کو خوش لحن آواز سے تلاوت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں ۔ مولانا نے خواتین و طالبات پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کی تلاوت کثرت سے کریں اورکہاکہ اس مہم کے تحت دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع سے لگ بھگ دو ہزار سے زائد طالبات شریک امتحان ہوں گے

کامیاب طالبات کو جامعتہ المومنات کے سالانہ اجتماع 22 جون کو اسناد تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفتیہ ناظمہ عزیز ، مفتیہ تہمینہ تحسین ، مفتیہ بدر النساء ، مفتیہ سیدہ عشرت فاطمہ نے شرکت کی ۔۔