جامع مسجد محمدی میں جلسہ یوم القرآن، مفتی مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 جولائی (راست) مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المؤمنات نے جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں منعقدہ جلسہ یوم القرآن سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان اور قرآن مجید کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے چونکہ اس ماہ مبین میں قرآن مجید کا نزول ہوا ہے۔ قرآن مجید میں ہر چیز موجود ہے لیکن اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید دستور حیات و زندگی ہے۔ قرآن مجید کی عظمت و بڑائی تمام آسمانی کتب میں بہت زیادہ ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت لازم پکڑو کہ یہ آسمان میں تمہارے لئے باعث راحت اور زمین میں تمہارے لئے باعث ذکر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید اسلامی تعلیمات یا دنیاوی معاشرتی مسائل کے علاوہ معرفت الہٰی کا سرچشمہ ہے اس کے تجلیات سے کوئی جگہ خالی نہیں۔ قرآن مجید کو پڑھنے والے کے قلب و روح کو سکون ملتا ہے۔ قرآن مجید ہر ایک کیلئے کوئی نہ کوئی حکمت ہے۔ جیسے بادشاہ کیلئے قانون، بیمار کیلئے شفاء، غازی کیلئے تلوا، قلب غافل کیلئے تنبیہ، گمراہیوں کیلئے مشعل راہ صرف یہ احکام کیلئے نہیں بلکہ تمام مقاصد اس سے حاصل ہوتے ہیں۔ جو لوگ قرآن مجید پر ایمان لاتے ہیں اور عمل کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا و آخرت میں رفعت و عزت عطا فرماتا ہے اور جو لوگ قرآن پر عمل نہیں کرتے ان کو اللہ تعالیٰ ذلیل کردیتا ہے۔ قرآن مجید کے فضائل و برکات تمام چیزوں سے اعلیٰ و اکمل ہے۔ قرآن مجید کا فیضان ان اصحاب یا افراد پر جاری و ساری رہتا ہے جو متقی و پرہیزگار ہوتے ہیں جن کا عمل اخلاص کی بنیاد پر قائم رہتا ہے۔ قرآن مجید کو سمجھنے کیلئے صاحب قرآن سے محبت لازم و ملزوم ہے۔ قرآن مجید کے پڑھنے والوں کے والدین کے سروں پر نور کے تاج پہنائے جائیں گے تو اندازہ کیجئے قرآن مجید پڑھنے والوں کو کیا اجر ملے گا۔ قرآن مجید کئی مرتبہ عقل والوں سے مخاطب ہوا۔ قرآن مجید پر عمل کرنے والوں کیلئے کامیابی حاصل ہوگی۔