قرآن سے محبت صاحبِ قرآن سے نسبت امتی کی پہچان

سلطان العلوم اسکولس میں قرات مقابلہ کا فیصلہ ، مولانا پیر نقشبندی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : حب نبویؐ کے بغیر ایمان نا مکمل ہے ۔ سچے امتی کی پہچان قرآن سے محبت اور صاحب قرآن سے اٹوٹ وابستگی ہی سے ممکن ہے ۔ مومن یہ پہچان اپنے میں پیدا کرنے کے لیے حبیبؐ خدا سرکار مدینہ پر جب تک جان مال آل اولاد سب کچھ قربان کرنے کا قلب میں وہ عمل میں جذبہ رکھتا ہے ۔ تب ہی روز محشر اپنے آقاؐ سے شرمندگی سے محفوظ رہ سکتا ہے ۔ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی رکن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری کی زیر نگرانی سوسائٹی کے اسکول فلک نما میں منعقدہ سالانہ جلسہ سیرت النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ، مولانا محمد آصف الدین قادری نے کیا ۔ مولانا پیر نقشبندی سوسائٹی کو ان کی پیش کردہ اس تجویز پر کے آئندہ ماہ رمضان المبارک سے سلطان العلوم کے تعلیمی اداروں میں نئی نسل میں کلام الہی کو خوش الحانی سے تلاوت کرنے کے شعور کی بیداری کے لیے قرات کلام پاک کے انعامی مقابلہ جات کے اہتمام پر مثبت فیصلہ کو مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں اعلیٰ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو دین کی بھی تربیت دی جاتی ہے اور یہ عمل نہ صرف اسلام کی نشاۃ ثانیہ کے لیے ناگزیر ہے بلکہ ملک میں ایک صالح معاشرہ کے لیے ضروری ہے ۔ اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر نشین جناب محمد ولی اللہ نے اسکول کے طلباء و طالبات جو نعتیہ اور تحریری سیرت پاک مقابلوں میں کامیاب ہوئے انعامات تقسیم کرتے ہوئے دلسوز آواز میں نعت شریف پیش کرنے والے طالب علم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نعت پاک کے اشعار کو احترام کے ساتھ سننے کے بعد قلب انسانی میں حرارت ایمانی تازہ ہوجاتی ہے ۔ سوسائٹی کے خازن ڈاکٹر میر اکبر علی خاں قادری نے کمسن طلباء کو حضور محمد عربی ؐکی حیات طیبہ کے بچپن کے واقعات کو متاثر کن انداز میں پیش کیا ۔ مولانا پیر نقشبندی نے صدارتی خطاب میں اس بات کی تلقین کی کہ ہر امتی ہر حال میں دعا کے طریقہ پر عمل پیرا رہے ۔ ہم نے کہا کہ اتباع سنت میں عفور و درگزر کی راہ عمل کے ذریعہ اختیار کرنا چاہئے ۔ آخر میں بارگاہ رسالت مآب صلعم میں نہایت عقیدت و ادب کے ساتھ سلام پیش کیا گیا اور تبرک ( لنچ ) کا اہتمام کیا گیا ۔ قبل ازیں اسکول کے طلباء وطالبات نے آیات قرآنی کی تلاوت کی اور نعت پاک پیش کیا جب کہ پرنسپل اسکول محترمہ نسیم اختر نے خیر مقدم کیا ۔ شہر کے دیگر سلطان العلوم اسکولس کے پرنسپلس جناب محمد عمیر ( سید علی چبوترہ ) ، محترمہ فاریہ رحمن ( قاضی پورہ ) کے علاوہ اولیاء طلباء کی کثیر تعداد نے اس مقدس جلسہ میں شرکت کی سعادت حاصل کی ۔ مولوی محمد وہاب الدین قادری استاذ اسکول نے شکریہ ادا کیا ۔۔