قرآن سے دوری ، مسلمانوں کی پستی کا اہم سبب

نارائن پیٹ میں جماعت اسلامی کا تربیتی اجتماع ، جناب محمد احمد کا خطاب
نارائن پیٹ یکم / ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ تعالی نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کیلئے آسان کردیا ہے اور قیامت تک سارے انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کیلئے آخری نبیؐ کے ذریعہ اس کتاب کو نازل کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد احمد ناظم علاقہ جنوبی تلنگانہ نے نارائن پیٹ کی مسجد حاجی خان پیٹ میں متوسلین جماعت کے ایک تربیتی اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں مستقر نارائن پیٹ کے علاوہ جاجاپور ، اوٹکور ، مکتھل ، گنڈمال اور دیگر مقامات سے متوسلین جماعت نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جو افراد یا اقوام نے قرآن کے مطابق زندگی گذاری یا پھر اس کو لے کر اٹھے اللہ تعالی نے انہیں سربلندی عطا فرمائی ۔ آج مسلمانوں کی ذلت و پستی اللہ تعالی کی کتاب کو فراموش کرنے کا نتیجہ ہے ۔ جناب محمد احمد نے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت کرنا سب سے بڑی عبادت ہے ۔ اس کا پڑھنا اس کا دیکھنا اور اس کو چھونا بھی ثواب ہے اور اٹک اٹک کر پڑھنے پر رسول ﷺ نے دہرے اجر کی بشارت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام نے ہر دور میں مسلمانوں کو قرآن سے دور کرنے کی سازشیں کی ہیں ۔ بھولے بھالے مسلمان یوں سازشوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ جناب محمد خواجہ ناظم ضلع جماعت اسلامی رنگاریڈی کے درس قرآن سے اجتماع کا آغاز ہوا ۔ جناب محمد فاروق حسین موظف لکچرر حیدرآباد نے ’’اپنی ذاتی تربیت کے عوامل ‘‘ پر سیر حاصل تقریر کی ۔ جناب عثمان عبیداللہ مجاہد صدیقی ناظم ضلع محبوب نگر ( مغرب ) نے افتتاحی کلمات میں اجتماع کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی ۔ شرکاء کو سوالات کا موقع بھی فراہم کیاگیا اور اپنی تربیت کے موقع پر ا ظہار خیال کیلئے بھی وقت دیا گیا ۔ اجتماع میں امیر مقامی نارائن پیٹ جناب احمد خان یوسف زئی اور مقامی اوٹکور جناب محمد کاظم حسین امیر مقامی گنڈمال جناب ڈاکٹر خلیل الرحمن ناظم حلقہ کارکنان مکتھل جناب عبدالمنان ناظم حلقہ کارکنان جاجاپور ، جناب محمد قدرت اللہ ، ایس آئی او زونل اڈوائزری کونسل رکن جناب ارشد فیصل مقامی ایس آئی او ذمہ داران ، محمد آصف ، ظہیر صوفی ، محمد اشرف نصیرالدین و دیگر ذمہ داران جماعت و ایس آئی او نے شرکت کی ۔