بانسواڑہ ۔24 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ مارکٹ یارڈ گنج میں ایک جلسہ سیرت طیبہ میں سینکڑوں مسلمانوں کے جلسہ عام سے مہمان خصوصی مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی ( گجرات ) نے خطاب کرتے ہوئے حضرت محمدؐ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی کہا کہ اللہ نے سارے عالم کے نبی بناکر آپ ﷺ کو دنیا میں بھیجا ہے کیونکہ یہ ہمارے آخری نبی ہیں ۔ محمدؐ ساری کائنات کیلئے رحمت ہیں آپ کی بدولت ہی ہمیں خیرامت کا قلب ملا اس لئے اللہ تعالی نے کسی بھی پیغمبر کو رحمت بناکر نہیں بھیجا سوائے تاجدار مدینہ محمد ﷺ کے ۔ تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اللہ تعالی کا شکر بجالاتے ہوئے اللہ تعالی کے احکامات پر عمل پیراہوں اور اللہ کے محبوب نبی حضرتﷺکی سنتوں اور حدیثوں پر عمل پیرا ہوں تبھی دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی نصیب ہوگی ۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم اُبی بن کعبہ کے طالب علم محمد جمیل سے کیا گیا ۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد جلسہ سے مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء نظام آباد و امام خطیب مکہ مسجد نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں سے کہا کہ اگر مسلمان دونوں جہاں میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں ۔ حضوراکرم کی سنتوں پر عمل کریں انہو ںنے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اپنے دلوں میں عشق رسول کی شمع کی لو کو بڑھائیں ۔ اس موقع پر مولانا لیق احمد قاسمی امام خطیب جامع مسجد شکر نگر بودھن نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کی 23 سالہ زندگی میں دنیا میں انقلاب برپاکردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ حضورؐ کے امتی ہونے کے حقوق ادا کریں نبی کے طریقوں پر عمل کریں اور کہا کہ اسلام و دین صرف مسلمانوں ہی کیلئے نہیں بلکہ ساری انسانیت کی فلاح و بقا کیلئے نازل کیا گیا ہمارا مکمل ایمان و ایقان قرآن و سنت رسول پر ہے حضوراکرم کو اللہ نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا آپ کی رحمت کا حصہ آپ کو نہ ماننے والوں کو بھی مل رہا ہے کہا کہ قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے ہی دنیا آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے اس موقع پر مولانا محمد شفی نظام آباد ، مولانا عبدالحمید بودھن ، مولانا مظہر کروٹلہ ، مولانا عبدالطیف بھینسہ ، مفتی احمد دیگنور ، حافظ فہم ، مولانا سعید اکبر ، حافظ عبدالکریم بانسواڑہ موجود تھے ۔