قذافی اسٹیڈیم ٹیکس کی عدم ادائیگی پر مہربند

کراچی، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے محکمہ اکسائز نے پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے پر قذافی اسٹیڈیم واقع لاہور کو مہربند کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اکسائز ڈپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم پر 5 کروڑ 83 لاکھ 5ہزار 483 روپے ٹیکس واجب الادا ہے۔ اکسائز حکام کے مطابق پی سی بی کے ساتھ 14 سال سے ٹیکس کی ادائیگی کا کیس چل رہا تھا۔ حکام نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی تک کمرشل پراپرٹی سیل رہے گی۔ بعدازاں اکسائز حکام کی ہدایت پر قذافی اسٹیڈیم کا مرکزی دروازہ کھول دیا گیا۔ اکسائز انسپکٹر فدا حسین نے بتایا کہ چیرمین پی سی بی شہریار خان کیلئے داخلی راستہ کھولا گیا ہے۔ تاہم اکسائز کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر صرف داخلی راستہ کھولا گیا جبکہ ٹیکس کی ادائیگی تک کمرشل پراپرٹی کو مہربند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔