قذافی اسٹیڈیم میں حفاظتی انتظامات ، آئی سی سی نے جائزہ لیا

لاہور۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ورلڈ الیون کے خلاف سیریزکی راہ ہموار کرنے کا کام تیز ہو گیا جہاں آئی سی سی سکیورٹی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم کادورہ کر کے داخلی وخارجی راستوں،ٹیموں کی آمد کے دروازوں، پویلین اوروی آئی پی گیٹ کامعائنہ کیا اور پی سی بی عہدیداروں اور سکیورٹی اہلکاروں کو 4گھنٹے لیکچر دیا ۔ماہرین نے واک تھرو گیٹس سے آنیوالے شائقین کا انفرادی معائنہ کا نیا طریقہ بھی متعارف کروایا جبکہ اسٹیڈیم کے اندر گھاس کی کٹائی سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے اور اب پچوں کی تیاری جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے ضمن میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم نے کام شروع کردیا۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی شامل تھیں ،یاد رہے کہ یہ سلسلہ تین دن تک جاری رہے گا جہاں پہلے دن سکیو رٹی ماہرین نے اہلکاروں کو واک تھرو گیٹس سے آنے والے شائقین کی انفرادی چیکنگ کا نیا طریقہ بتا یا جس سے وقت تو تھوڑا زیادہ لگتا ہے لیکن خطرہ ٹل جاتا ہے ۔علاوہ ازیں اسٹیڈیم کے اندرگھاس کی کٹائی سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں لیکن پچوں کی تیاری کا کام ابھی جاری ہے ، دوسری جانب پی سی بی کی طرف سے آن لائن کے بعد اب چار مقامات پر بوتھ کے ذریعے بھی ٹکٹیں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، لبرٹی اور لالک چوک پر سکیو رٹی کی وجہ سے ٹکٹیں فروخت نہ ہوسکیں لیکن پھر بھی 500روپے والی ٹکٹیں ختم ہوگئیں۔ورلڈ الیون کی ٹیم فاف ڈیو پلیسی کی قیادت میں 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گی اور 12 ستمبر کو پہلے میچ سے سیریز کا آغاز ہو گا۔