قدیم شہر الحضرداعش کے قبضہ سے آزاد

بغداد، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے نیم فوجی دستوں کی اکائیوں نے قدیم شہر الحضر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے ۔عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق نیم فوجی دستوں نے داعش کے شدت پسندوں کو قدیم شہر سے باہر کرتے ہوئے شہر پر قبضہ کر لیا۔ داعش نے اپنے تین سال کے قبضے کے دوران شہر کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔ تاہم، اس دوران نقصان کتنا ہوا ہے اس کے بارے میں تفصیلات نہیں مل سکی ہیں۔واضح ر ہے کہ داعش نے 2015 میں ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں الحضر کی یادگاروں کو نقصان پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا ۔ ایران میں تربیت یافتہ شیعہ قیادت والے جنگجوؤں نے منگل کی صبح الحضر کو آزاد کررانے مہم شروع کی تھی ۔ اس جنگجو گروپ کا قیام 2014  میں داعش کے قیام کے بعد عمل میں آیا تھا ۔ الحضر 2014 میں داعش کے کنٹرول میں آنے سے پہلے عراق کے سب سے محفوظ قدیم مقام میں تھا۔ دارالحکومت بغداد سے290 کلومیٹر شمال مغرب اور موصل سے 110 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع الحضر غالبا تیسری صدی قبل مسیح میں آباد کیا گیا تھا۔شہر کے کئی مندر یونانی اور رومن فن تعمیر کا نمونہ پیش کرتے تھے اور ان میں مشرقی آرائشی خصوصیات بھی ملتی تھیں۔