قدیم اطباء کے نسخوں اور طب یونانی کے کتابوں پر لائبریری

ادارہ سیاست کا فیصلہ ، کتب ، قلمی نسخوں اور طبی میگزین عطیہ دینے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : ادارہ سیاست کی جانب سے اطباء قدیم کے نسخوں اور طب یونانی کی کتابوں کو جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اہم نسخوں اور طب کی کتابوں کو یکجا کیا جاکر اس کو محفوظ کیا جاسکے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ ایسے کئی اطباء حضرات جو بقید حیات ہیں جن کے طبی تجربات اور علاج معالجہ میں مہارت کے ذریعے کئی مریض شفایاب ہوئے ہیں ان کے تجربات کو جمع کرتے ہوئے کتاب کی شکل دی جائے گی اور کئی اطباء حضرات جن کے انتقال ہوگئے ان کے خاندان کے افراد کے پاس بھی کئی طبی کتب موجود ہیں ۔ جو استعمال میں نہیں لائے جارہے ہیں ۔ ادارہ سیاست نے فیصلہ کیا ہے کہ طبی کتب ، قلمی نسخوں اور طبی میگزین کو جمع کرتے ہوئے ایک لائبریری کی شکل دی جائے تاکہ طبی مخطوطات ، طبی کتب اور اطباء کے تجرباتی نسحوں کو طب کے طالب علم ، ریسرچ اسکالرس اور اطباء کو قدیم کتب کی روشنی میں ریسرچ کرسکیں اور اطباء ، کتابوں سے استفادہ حاصل کرسکیں ۔ حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی و کوآرڈینٹر پروگرام سے ربط پیدا کریں ۔۔