قدرتی گیس کی قیمت میں تخفیف سرکاری خزانہ پر 800کروڑ روپئے کا بوجھ

نئی دہلی ۔30 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) قدرتی گیس کی قیمتوں میں آج 18 فیصد کی زبردست تخفیف کی گئی جس کی مالیت 3.82 امریکی ڈالر فی یونٹ ہوتی ہے ۔ یہ شرحوں میں اب تک کی سب سے بڑی تخفیف ہے جس سے حکومت کے مالیہ پر 800 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا اور مصنوعات جیسے او این جی سی کے نفع پر بھی اثر مرتب ہوگا ۔ قدرتی گیس کی قیمتیں گزشتہ سال اکٹوبر میں حکومت کے منظورہ فارمولہ کے مطابق 3.82 امریکی ڈالر فی 10 لاکھ برطانوی تھرمل یونٹ کم ہوجائیں گی ۔ 6 ماہ تک یہی قیمت برقرار رہے گی جس کا آغاز یکم اکٹوبر سے ہوگا ۔ موجودہ قیمت 4.66 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہے ۔ وزارت تیل کے بموجب اس تخفیف سے حکومت کی ملکیت تیل اور قدرتی گیس کارپوریشن جیسے پیداواری ادارے بھی متاثر ہوں گے اور مرکزی حکومت کی رائیلٹی اور انکم ٹیکس سے آمدنی میں بھی کمی آئیگی ۔ بحیثیت مجموعی مرکزی سرکاری خزانہ پر جاریہ مالی سال 800 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا ۔ ریاستی حکومت نے انتباہ دیا ہے کہ اس کے مالیہ میں ویاٹ میں کمی کے نتیجہ میں 250 کروڑ روپئے کی کمی آئے گی ۔ او این جی میں اس اقدام کے نتیجہ میں 1059کروڑ روپئے کے نقد منافع سے محروم ہوجائے گا ۔