قتل کے جرم میں سری لنکا کے شہری کو متحدہ عرب امارات میں سزائے موت

شارجہ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے ایک شخص کو متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ایک اماراتی شہری کو 8 سال قبل قتل کرنے کے جرم میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعہ سزائے موت دے دی گئی۔ 26 سالہ شخص کو اُس وقت سزائے موت دی گئی جبکہ اُس کے ارکان خاندان نے خون بہا کی رقم ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ انگریزی روزنامہ گلف نیوز کے بموجب سری لنکا کے شہری کو ایک اماراتی شہری پر 2006 ء میں رقمی تنازعہ کی بناء پر گاڑی سے کچل کر ہلاک کردینے کا جرم ثابت ہوگیا تھا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مجرم کی شناخت گھریلو ملازم رویندر کرشن پلے کی حیثیت سے کی ہے۔ اِس تنظیم نے اِس شخص کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ لندن کے گروپ نے مقدمہ کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہاکہ پلے کو سرکاری خرچ پر مقررہ وکیل تک رسائی حاصل کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی۔