قتل کیس کے ملزم کے اقدام خود کشی سے سنسنی

حیدرآباد ۔ 4جنوری ( سیاست نیوز) سکندرآباد لالہ گوڑہ میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان نے گلا کاٹ کر خودکشی کا اقدام کرلیا جو قتل کیس کا ملزم بتایا گیا ہے اور پولیس اس شخص کو شدت سے تلاش کررہی تھی ۔ نوجوان کی حالت نازک بتائی گئی ہے جو ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ اس کے دیگر ساتھی یسین ‘ دیپک اور قتل کیس کا اصل سرغنہ کارتک اور اس کی داشتہ جیوتی پولیس حراست میں ہیں ۔ 30ڈسمبر کو جیوتی نے اپنے آشنا کارتک اور ساتھیوں کی مدد سے شوہر ناگراجو کا قتل کروا دیا تھا اور انہوں نے نعش کو جوٹ اپل نیشنل ہائی وے کے جنگلاتی علاقہ میں پھینک دیا تھا ۔ جیوتی اور اس کا شوہر ناگراجو کرمن گھاٹ علاقہ میں رہتے تھے ۔ دونوں کی ازدواجی زندگی میں مسائل تھے ۔ جیوتی شوہر سے خوش نہیں تھی ۔ اس دوران اس کی دوستی کارتک سے ہوئی اور دونوں میں ناجائز تعلقات پیدا ہوگئے ۔ اس بات کا علم جیوتی کے شوہر کو ہوا اور دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا ۔ جیوتی اپنے آشنا کو چھوڑنے تیار نہیں تھی ۔ اس نے سازش تیار کرکے 30 ڈسمبر کو شوہر کو دودھ میں نشیلی دوا ملاکر دینے کے بعد آشنا کو اطلاع دی اور کارتک اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جیوتی کے مکان پہنچا اور ناگراجو کا قتل کرنے کے بعد نعش کو چوٹ اپل سنسان علاقہ میں پھینک کر راہ فرار اختیار کی ۔ پولیس کی تحقیقات میں جیوتی نے اقبال جرم کرلیا اور قتل کے تمام ملزمین گرفتار ہوچکے ہیں ۔ نریش مفرور تھا ۔ آج اسکے بھائی نے خودسپردگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور نے گلا کاٹ کر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔